پی آئی اے طیارہ حادثے کا ذمہ دار کون؟ اہم انکشافات بالآخر سامنے آگئے

 
0
287

کراچی 22 جون 2020 (ٹی این ایس): کراچی طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کپتان اور ائیرٹریفک کنٹرولر کو حادثے کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا ہے۔

کراچی طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی، رپورٹ میں کپتان اور ائیرٹریفک کنٹرولر کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا اور کہا گیا کپتان نے پروسیجر پرعمل درآمد نہیں کیا تھا، کپتان ضرورت سے زیادہ پراعتماد تھا۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ایئرٹریفک کنٹرولر بھی واقعے کے ذمہ دارہیں ، جب انجن رن وے سے ٹکرائے تھے تو اسی وقت طیارے کو روکنا چاہیے تھا، اپروچ ٹاور نے کنٹرول ٹاور کو سوئچ اوور نہیں دیا تھا اور فریکوینسی اپنے پاس رکھی تھی۔

خیال رہے ابتدائی رپورٹ آج وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، عمران خان سے وزیرہوابازی غلام سرورخان کی ملاقات آج سہ پہر ہوگی، ملاقات سے قبل وزیرہوابازی کی زیرصدارت اجلاس ہوگا ، جس میں رپورٹ کےاہم نکات کاجائزہ لیا جائے گا اور رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے سے متعلق وزیراعظم سے مشاورت ہوگی۔

چند روز قبل وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ طیارہ حادثے پر کسی کی غلطی یا کوتاہی کا کوئی تعین نہیں ہوا، حادثے کی کسی پر بھی ذمہ داری نہیں ڈالی گئی، کسی کی کوتاہی کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا لیکن قبل ازوقت کوئی ایسی بات کرکے کسی کی دل آزاری نہ کی جائے، ماہرانہ رائے اور انکوائری رپورٹ آنے تک کوئی مؤقف نہیں دیناچاہیے۔