اسلام آباد 27 جون 2020 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ دنیا بھرمیں عبادت گاہیں کھولی جا رہی ہیں اور اب پاکستان بھارت کی جانب سے کرتار پور راہداری بھی 29 جون کو کھول دی جائے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری دوبارہ کھولنے کے لیے بھارت کو آگاہ کر دیا ہے۔ کورونا کے پیش نظر کرتار پور راہداری 16 مارچ کو بند کر دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرتار پور راہداری کھولنے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں اور بھارت کو صحت رہنما اصولوں کا ضابطہ کار طے کرنے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔













