اسکردو ایئر بیس چین کے استعمال کرنے کی رپورٹ حقیقت کے برعکس ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

 
0
343

راولپنڈی 02 جولائی 2020 (ٹی این ایس): ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتی میڈیا میں ایل او سی پر پاک فوج کی اضافی نفری کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے پاکستان میں چینی فوج کی موجودگی کی سختی سے تردید کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارتی میڈیا میں گلگت بلتستان میں ایل او سی کے ساتھ پاک فوج کی اضافی نفری کے دعوے غلط ہیں، کوئی فوجی نقل و حرکت یااضافی تعیناتی نہیں کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان میں چینی فوج کی موجودگی کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا اسکردوایئربیس چین کے استعمال کرنے کی رپورٹ حقیقت کے برعکس ہے، یہ جھوٹا، غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت کے خلاف دعویٰ ہے۔

خیال رہے بھارتی میڈیا کو پاکستان اور چین کے ڈراؤنے خواب آنے لگے اور بھارت نے رسوائی سے بچنے کے لئے ہمسایہ ممالک پرہرزہ سرائی شروع کردی ہے۔

بھارتی الیکٹرانک میڈیا پر پاکستان کی ایل اوسی پر اضافی ڈپلائیمنٹ کے جھوٹے دعوے کے ساتھ ساتھ چین کی طرف سے اسکردو ایئربیس کا استعمال کا جھوٹا الزام عائد کیا جارہا ہے۔