کراچی، منشیات فروش کشتی میں اربوں روپے کی مالیت کی منشیات چھوڑ کر بھاگ گئے

 
0
11998

کراچی 09 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): شہر قائد کے قریب ایک جزیرے پر اے این ایف انٹیلی جنس کارروائی کے دوران منشیات فروش کشتی میں اربوں روپے کی مالیت کی منشیات چھوڑ کر بھاگ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ اے این ایف انٹیلی جنس نے کراچی کے قریب ایک جزیرے پر گزشتہ رات آپریشن کیا، جس کے دوران ایک کشتی سے اربوں مالیت کی منشیات برآمد ہوئیں۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ 9 اکتوبر کو اے این ایف انٹیلی جنس کو اطلاع ملی کہ کراچی کے قریب ایک جزیرے پر کشتی پر بہت بڑی مقدار میں منشیات لوڈ کی جا رہی ہے، اے این ایف ٹیم نے وقت کی کمی کے باعث ابراہیم حیدری سے ایک فشری بوٹ لی اور اس جزیرے کی طرف بڑھنے لگی جس کی نشان دہی کی گئی تھی۔
ذرایع کے مطابق جب ٹیم جزیرے پر پہنچی تو انھوں ایک کشتی پر پانچ یا چھ آدمیوں کو سوار دیکھا، اے این ایف ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے چھوٹے ہتھیاروں کے ساتھ فائرنگ شروع کر دی، ٹیم کی جوابی فائرنگ پر انھوں نے فرار ہونا شروع کر دیا۔

ٹیم نے ان کا تعاقب کیا لیکن مچھلیاں پکڑنے والی بوٹ کی رفتار بہت کم تھی، اس لیے تمام منشیات فروش فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے تاہم ٹیم نے اس کارروائی کے دوران ایک کشتی سے بڑی مقدار میں منشیات پکڑ لی جو وہ چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ پکڑی گئی منشیات کلفٹن پولیس اسٹیشن لا کر وزن کی گئی تو اس میں ہیروئن کی مقدار 426 کلو گرام اور حشیش 57 کلو گرام نکلی۔

ذرایع کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت دس ارب روپے سے بھی زائد (97 ملین ڈالرز) ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔