قومی احتساب بیور کی نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش

 
0
296

اسلام آباد 09 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیور (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخی کی سفارش کر دی ہے۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق نیب راولپنڈی کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط موصول ہوا ہے۔

نیب نے خط میں لکھا ہے کہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے جاری ہو چکے ہیں۔ نوازشریف کواشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ نواز شریف کے سفری دستاویزات کو منسوخ کیا جائے۔

نیب نے خط میں کہا ہے کہ نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے۔ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے وزارت داخلہ انٹرپول سے بھی رابطہ کرے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو بذریعہ اشتہار طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم اگر 30 دن کے اندر پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نوازشریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی تھی۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو اشتہار کے اخراجات جمع کرانےکا حکم دے دیا تھا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا کہ اشتہار کے پیسے جمع کرائیں پھر اشتہار جاری کردیا جائے گا۔ مختلف اخبارات میں نوازشریف کےاشتہارجاری کئے جائیں گے۔

نوازشریف کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق عدالت میں ڈیڑھ گھنٹے کے وقفےکے بعد کیس پر دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو
وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر مبشرخان سرکاری دستاویزات کے ساتھ دوبارہ عدالت میں پیش ہوئے تھے اور پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو بھیجی جانے والی فیکس کا ڈائری ریکارڈ عدالت میں پیش کردیاتھا۔

عدالت نے استفسار کیا تھا کہ آپ جو رجسٹرلائے ہیں وہ اور دیے گئے دستاویزات آپس میں مل کیوں نہیں رہے؟ ڈائریکٹر مبشر خان نے جواب دیا کہ جو رجسٹرعدالت کو دیا گیا وہ یورپ ڈویژن سے متعلق ہے۔

ڈائریکٹر مبشر خان نے وارنٹس گرفتاری دفترخارجہ سے ہائی کمیشن لندن کو بھیجےجانے کا ریکارڈ بھی پیش کردیا تھا۔ لندن سے دفترخارجہ کو جوابی موصول ہونے والے فیکس کا ریکارڈ بھی عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا تھا۔