لبنانی دارالحکومت بیروت ایک مرتبہ پھر دھماکوں سے لرز اٹھا

 
0
4951

اسلام آباد 12 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): لبنان کے دارالحکومت میں پھر خوفناک دھماکوں کے نتیجے میں چار افراد کو زندگی کی بازی ہارنی پڑی جبکہ تیس افرادزخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کے پیرس سمجھے جانے والے لبنانی دارالحکومت بیروت میں ایک مرتبہ دھماکے کی آوازیں سنی گئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکا بیروت میں واقع ایک عمارت میں واقع ڈیزل ٹینک میں ہوا جس کے باعث عمارت بھی منہدم ہوگئی اور چار افراد ہلاک ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور اپارٹمنٹ میں موجود رہائشی اندر ہی پھنس گئے، بلڈنگ کے مکینوں نے جان بچانے کےلیے کئی فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی۔

بیروت ٹی وی اسٹیشن اور لبنانی میڈیکل ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والے تین بچوں سمیت 30 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ دو ماہ قبل بیروت کی بندرگاہ پر واقع گودام میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ ساڑھے 6 ہزار افراد زخمی ہوئے تھے۔

ایمونیم ناٹٹریٹ کے گودام میں ہونے والے دھماکے کے باعث لبنانی حکومت، رہائشیوں و کاروباری حضرات کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا تھا کیونکہ دھماکے کے سبب کئی کلومیٹر دور تک انفراسٹریکچر کو نقصان پہنچا تھا۔