عمران خان اور ان کی جعلی حکومت خود کامیڈی ہے: مولانا فضل الرحمان

 
0
9772

اسلام آباد 24 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی جعلی حکومت خود کامیڈی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ جلسہ ہر صورت میں ہوگا، حکومت اگر سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی تو گھر چلی جائے، ہم طبل جنگ بجا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں سے جعلی حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔

پی ڈیی ایم کے صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے وہ بھاگنے والے نہیں ہیں۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کراچی واقعے سے حکومت کی بدنامی ہوئی، این آر او کی ضرورت خود عمران خان کو ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب ہو گا اور کوئٹہ جلسے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی واقعے پر سب کو افسوس ہے اور اس سے حکومت کی بدنامی ہوئی ہے۔ کراچی واقعے کی تحقیقات کا حق سندھ حکومت کو ہے تاہم کراچی واقعہ کی تحقیقات کی ضرورت نہیں ہے وہ تو روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ چینی اور آٹا مارکیٹ سے غائب ہے لیکن حکومت کی توجہ سابق وزیر اعظم نواز شریف پر ہے۔ ملک میں لوگ آٹا اور چینی کو ترس گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این آر او کی ضرورت کسی اور کو نہیں بلکہ خود وزیر اعظم عمران خان کو ہے۔ سیلیکٹڈ کو معلوم ہونا چاہیے کہ برطانیہ قانون کے تحت چلتا ہے وہاں کوئی ارشد ملک جیسے ججز نہیں ہوتے۔