پاکستان کورونا پر قابو پاکر سب سے کم معاشی نقصان اٹھانے والا ملک بن گیا

 
0
221

اسلام آباد 25 نومبر 2020 (ٹی این ایس): عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کاعالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔ پاکستان کورونا پر قابو پاکر سب سے کم معاشی نقصان اٹھانے والا ملک بن گیا ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم نے’پاکستان اسٹریٹیجی ڈے‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کورونا سے بچاؤ کی اسٹریٹیجی سے عالمی معاشی فورم کو آگاہ کریں گے۔

عالمی فورم نے یہ تسلیم کیا ہے کہ کورونا سے بچاو کی بہترین حکمت عملی کرنے پر پاکستان کامیابیوں میں سب پر سبقت لے گیا ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف کامیاب پالیسیوں کے اعتراف میں ورلڈ اکنامک فورم نے 25 نومبر کا دن پاکستان کے نام کیا ہے۔

صدر ڈبلیو ای ایف وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو لنک کے ذریعے لائیو انٹرویو بھی کریں گے۔ دنیا بھر کے سرمایہ کار، کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو بھی وزیراعظم عمران خان سے سوال کرسکیں گے۔

وزیراعظم بتائیں گے کہ کورونا کے دوران کن پالیسیوں کے سبب پاکستان کا معاشی نقصان کم رہا۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں حکومت کی حکمت عملی سے حالات اس قدر بہتر ہوئے کہ کاروبار زندگی کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔

دنیا میں کورونا کی پہلی لہر کے دوران پاکستان کو سب سے کم اقتصادی ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈاکنامک فورم کے ساتھ ویڈیو انٹرویو کے دوران مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ اور اسد عمر بھی کورونا کے دوران اپنائی گئی حکمت پر اظہار خیال کریں گے۔