پرویز رشید کا سینیٹ کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام چیلنج

 
0
224

اسلام آباد 19 فروری 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید نے سینیٹ کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام چیلنج کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید پر پنجاب ہاؤس کے واجبات پر ان کے سینیٹ میں کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے تھے، اور کہا گیا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا ہے تو واجبات کی ادائیگی لازمی کرنا ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ پرویز رشید 96 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں اور ان کے اثاثے صرف 23 لاکھ روپے ہیں، اور انہوں نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ادھار لینا شروع کردیا ہے، جب کہ پرویز رشید کے واجبات کےلیے 8 پارٹی رہنماؤں نے 96 لاکھ کا بندوبست کرلیا ہے۔

واجبات کا بندوبست ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے کاغذات سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام چیلنج کردیا ہے، اورانہوں نے ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائرکردی ہے جس میں الیکشن کمیشن اور ریٹرنگ آفیسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

پرویز رشید نے درخواست میں مؤقف پیش کیا ہے کہ ریٹرنگ آفیسر نے غیر قانونی طور پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کیے، ریٹرنگ آفیسر کے اعتراض دور کرنے لیے تگ و دو کی لیکن اعتراض دور نہیں کیے گئے۔

پرویز رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اعتراض پر رقم جمع کرانے کے لیے تیار ہوں، لیکن الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے، الیکشن ٹریبونل ریٹرنگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔