پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد حل نیا الیکشن ہے، متحدہ اپوزیشن

 
0
146

اسلام آباد 04 مارچ 2021 (ٹی این ایس): سینیٹ انتخابات میں متحدہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت اور حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست کے بعد اپوزیشن نے ملک بھر میں نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کو گزشتہ روز کی شکست سے سبق حاصل کرنا چاہیے، وزیراعظم نے حفیظ شیخ کی مہم خود چلائی، پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد حل نیا الیکشن ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس اچانک ختم کر دیا، اسپیکر ڈائس سے ایسے بھاگے جیسے چور بھاگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود حکومتی امیدوار کی الیکشن مہم چلائی، وزیراعظم نے ہر رکن اسمبلی سے اربوں کی اسکیموں کے وعدے کیے، شکست کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا اعتماد کا ووٹ لیں گے، عمران خان نیازی ہاؤس کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حکومت کو کل تاریخی شکست ہوئی، جس کی مثال نہیں ملتی، آپ نے کہا کہ چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرنا چاہتا،تو شیر کی طرح کریں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک میں بے برکتی ہے اور مہنگائی سب کے سامنے ہے، وزیراعظم مہذب طریقے سے فوری طور پر مستعفی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں ان کی اپنی پارٹی کے 17 اراکین نے عدم اعتماد کیا ہے، حکومت خفت مٹانے کے لیے مختلف حربے استعمال کررہی ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔

جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کی رہنما کشور ناہید کا کہنا تھا کہ ایوان کا تقدس مجروح کیا جا رہا ہے،عد م اعتماد تو ان کے خلاف آچکا ہے ،اب وقت ضائع نہ کیاجائے، ایوان کو جمہوری لوگ ہی بہتر چلاسکتے ہیں۔

محسن داوڑ نے کہا کہ سینیٹ شکست ہم نے نہیں عوام کی طرف سے دی گئی۔