سیالکوٹ چیمبر کے ایکسپورٹرز ہمارے سروں کا تاج ہیں۔سردار تنویر الیاس خان
سیالکوٹ کی مصنوعات پوری دنیا میں اپنا مقام بنا چکی ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان
لاہور 17 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و تجارت/چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویز الیاس خان نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا۔دورہ چیمبر کے موقع پر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر قیصر اقبال بریار نے معزز مہمان کی چیمبر آمد پر ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا .
وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و تجارت/چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویز الیاس خان نے صوبہ اور ملک کے معاشی استحکام میں سیالکوٹ چیمبر اوربزنس کمیونٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا بلا شبہ سیالکوٹ کی برآمدی انڈسٹری اور ترقی کیلئے سیالکوٹ کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔آج میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ ایکسپورٹرز ہمارے سروں کا تاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر پاکستان کے تمام شہروں کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر کی انڈسٹری کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے میرے دفتر کے دروازے آپ سب کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔سردار تنویر الیاس خان نے صدر سیالکوٹ چیمبر کی جانب سے پیش کردہ معروضات پر اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں برآمدی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے مثبت اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سیالکوٹ میں نئے انڈسٹریل زون، ٹیکنالوجی یونیورسٹی،ون ونڈوآپریشن کے تحت ٹیکسوں کی ادائیگی اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی برآمدی انڈسٹری کے فروغ اور ان کے منصوبہ جات کی تکمیل وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا ادارہ پنجاب کے اندر ایکسپورٹرز کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے اقدامات کر رہا ہے۔
اجلاس میں صدر سیالکوٹ چیمبر کے علاوہ سینئر نائب صدر خرم اسلم، نائب صدر چیمبر عنصر عزیز پوری، اراکین مجلس عاملہ سمیت دیگر سینئر چیمبر ممبران نے شرکت کی۔