قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرمیں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا

 
0
173

اسلام آباد 29 اپریل 2021 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرمیں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں نیب کے ڈپٹی چئیرمین، پراسیکیوٹر جنرل، ڈی جی آپریشن نیب اور تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹرجنرلز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب کی کارکردگی، ملزمان کو سزا دلوانے کی شرح اور بدعنوان عناصر سے اربوں روپے کی رقوم برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروانا نیب کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نیب کراچی نے فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین کو 13 ارب روپے برآمد کرکے واپس کیے۔ نیب راولپنڈی نے فیک اکاؤنٹس کیس میں تقریباً 22 ارب روپے برآمد کیے۔ نیب لاہور نے ڈبل شاہ سے 9 ارب روپے، 56 پبلک کمپنیز کیس میں 1 ارب روپے، ہاؤسنگ سوسائٹیز کے اربو روپے برآمد کر کےمتعلقہ ڈیپارٹمنٹس اور متاثرین کو واپس کیے۔
نیب کوئٹہ نے اربوں روپے کی رقوم بدعنوان عناصر سے برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائے۔ اسی طرح نیب ملتان نے بھی اربوں روپے برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائے۔ نیب کی کارکردگی کو پراسیکیوشن اور آپریشن ڈویژن نے مؤثر انداز سے مانیٹر کیا جس کی وجہ سے نیب نے گزشتہ 3 سالوں میں 490 ارب روپے بلاواسطہ اور بلواسطہ طور پر برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے اور اس کی ملزمان کو سزا دلوانے کی شرح 68.8 فیصد ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیب کے 1269 ریفرنس اس وقت معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت 950 ارب روپے ہے۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب احتساب سب کے لیے پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب کی بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیوں کی بدولت جہاں نیب کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے وہاں ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ آج پوری قوم کی آواز ہے۔ نیب فیس نہیں بلکہ کیس دیکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور زیرو ٹالیرنس کے تحت بدعنوان عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹنے کے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔