معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور غریب طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کا محور ہے، معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر

 
0
129

اسلام آباد 04 مئی 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور وسائل کی کمی کے باعث پیچھے رہ جانے والے طلبہ و طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کا محور ہے، احساس پروگرام کے تحت مستحق لوگوں کی مالی معاونت کے علاوہ لوگوں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کیلئے بلاسود قرضے اور اثاثے فراہم کئے جا رہے ہیں۔

منگل کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کیلئے ملک میں غریب لوگوں کو سماجی تحفظ دینا، غربت کا خاتمہ اور روزگار کی فراہمی اہم اہداف ہیں، احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو امدادی رقم دینے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 44 لاکھ خاندان رقم وصول کر چکے ہیں، رواں سال 80 لاکھ خاندانوں کو ادائیگیاں کرنے کا ہدف ہے تاہم ہم اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کیلئے بھی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات کا احساس ہے اور انہیں ریلیف دینے کیلئے احساس پروگرام کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں لنگر خانے، پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے جیسے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، مستحق افراد بغیر کسی رجسٹریشن کے لنگر خانوں، پناہ گاہوں اور کچن ٹرک میں کھانا کھا سکتے ہیں، مخیر حضرات اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں ان پروگراموں کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام میں شمولیت کیلئے اہلیت کا تعین ضروری ہے، ملک بھر میں مستحق خاندانوں کی نشاندہی کیلئے سروے کا عمل جاری ہے جو 30 جون تک مکمل ہو جائے گا، اگر سروے میں کوئی رہ جائے تو وہ 8171 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اپنی رجسٹریشن کروا سکتا ہے اور ایس ایم ایس کے ذریعے ہی اسے آگاہ کیا جائے گا کہ وہ اس پروگرام کیلئے اہل ہے یا نہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ حکومت میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر حقدار کو اس کا حق پہنچانے کے سفر کو جاری رکھے گی۔ انڈر گریجویٹ سکالرشپس پروگرام سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈر گریجویٹ سکالرشپ حکومت کا اچھا اقدام ہے، اس پروگرام کے تحت سالانہ 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو سکالرشپس دی جا رہی ہیں جس سے غریب طلبہ و طالبات کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کا موقع مل سکے گا۔