پیداوارمیں اضافہ پرمشتمل زرعی پیکج کیلئے مالی معاونت کی فراہمی ضروری ہے، وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کی عمرایوب خان،خیبرپختونخوا وپنجاب کے وزرائے خزانہ سے ملاقات میں گفتگو

 
0
173

اسلام آباد 04 مئی 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے اشیا کومحفوظ بنانے کیلئے وئیرہاوسز، کولڈسٹوریج سہولیات اورآبپاشی کے بنیادی ڈھانچہ کے انتظام وانصرام میں بہتری کے ذریعہ زرعی پیداوار میں اضافہ پرمشتمل زرعی پیکج کیلئے مالی معاونت کی فراہمی پرزو ر دیتے ہوئے کہاہے کہ بیرونی فنڈنگ کو معاشرے کے معاشی طورپرکمزوراورمحروم طبقات کے سماجی تحفظ اوران کو ہنرسکھا کر انہیں معاشی طورپربااختیاربنانے کیلئے استعمال میں لایاجائیگا، وزیرخزانہ نے صوبائی حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ سخت مالیاتی نظم وضبط کویقینی بنانے اورکوویڈ 19 کی صورتحال کے تناظر میں سماجی اوراقتصادی ترقی کیلئے فنڈز اور وسائل کی فراہمی کو معقول بنانے پرتوجہ مرکوزکرے۔

انہوں نے یہ بات منگل کویہاں وفاقی وزیرعمرایوب خان سے میٹنگ اورخیبرپختونخوا و پنجاب کے وزرائے خزانہ سے ملاقاتوں کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیرعمرایوب خان اوروزیرخزانہ کی ملاقات میں معاون خصوصی برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر وقار مسعود، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نوراحمد اوردیگرسینئیرحکام بھی موجودتھے،سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن نے وزیرخزانہ کودوطرفہ اورکثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے پاکستان میں بیرونی معاونت سے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

غیرملکی سرمایہ کاری کی پورٹ فولیوکاجائزہ لیتے ہوئے وزیرخزانہ نے مالیاتی اورتکنیکی معاونت میں ترجیحی ایریاز پرروشنی ڈالی۔وزیرخزانہ نے اشیا کومحفوظ بنانے کیلئے وئیرہاوسز، کولڈسٹوریج سہولیات، اورآبپاشی کے بنیادی ڈھانچہ کے انتظام وانصرام میں بہتری کے ذریعہ زرعی پیداوارمیں اضافہ پرمشتمل زرعی پیکج کیلئے مالی معاونت کی فراہمی پرزوردیا۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی فنڈنگ کو معاشرے کے معاشی طورپرکمزوراورمحروم طبقات کے سماجی تحفظ اوران کو ہنرسکھا کر انہیں معاشی طورپربااختیاربنانے کیلئے استعمال میں لایاجائیگا،اس میں نوجوانوں کوبااختیاربنانے کیلئے آسان چھوٹے قرضے بھی شامل ہوں گے۔

وزیرخزانہ نے کم ترقی یافتہ علاقوں میں پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اوراسی نوعیت کی دیگرشہری خدمات کی فراہمی پرتوجہ مرکوزکرنے کی ہدایت کی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت پائیدارترقی کیلئے اقوام متحدہ کے اہداف اورملک کے عوام کے بہتر اورمحٖفوظ مستقبل کیلئے سماجی اوراقتصادی ترقی کے عمل کوآگے بڑھانے میں پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کی مدد سے انسانی وسائل کی ترقی اورسماجی واقتصادی بہتری کیلئے ضروری اقدامات کاسلسلہ جاری رکھی گی۔

دریں اثنا خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمورسلیم خان جھگڑانے وزیرخزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی، معاون خصوصی خزانہ ومحصولات ڈاکٹروقارمسعود اورسیکرٹری خزانہ کامران علی افضل بھی اس موقع پرموجودتھے۔صوبائی وزیرخزانہ نے وزیرخزانہ کو کوویڈ 19 کے تناظرمیں عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اخراجات پرقابوپانے اورمصارف کومعقول بنانے کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا،انہوں نے ٹیکس کی بنیادمیں وسعت، ٹیکسوں کی تعدادمیں کمی اورصوبائی ٹیکس اکھٹاکرنے میں اضافہ کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیرخزانہ کوتنخواہوں اورپنشن کے نظام کومرکزی دھارے میں لانے کیلئے صوبائی حکومت کے عزم اوراقدامات سے آگاہ کیااورکہاکہ بجٹ میں وسائل کابڑاحصہ تنخواہوں اورپنشن کی مدمیں چلاجاتاہے۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے صوبائی حکومت پرزوردیا کہ وہ سخت مالیاتی نظم وضبط کویقینی بنائے اورکوویڈ 19 کی صورتحال کے تناظرمیں صوبہ میں سماجی اوراقتصادی ترقی کیلئے فنڈز اور وسائل کی فراہمی کیلئے اخراجات کو معقول بنائے۔انہوں نے معاشی سرگرمیوں اورریونیومیں اضافہ کیلئے آوٹ آف بکس طریقہ کاراختیارکرنے، ٹیکس کی ساخت کوہم آہنگ کرنے اورصوبہ میں خدمات کی فراہمی کو بہتربنانے کی ضرورت پرزوردیا۔

بجٹ تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ صحت اورتعلیم ترجیحی شعبہ جات ہیں اوربجٹ سازی میں اس کو ترجیح دینا چاہئیے۔انہوں نے وسائل کے بہترانتظام وانصرام کیلئے وفاق اورصوبوں کے درمیان مشاورتی عمل کی حوصلہ افزائی کی۔ بعدازاں وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین سے پنجاب کے وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت نے ملاقات کی، صوبائی وزیرخزانہ نے شوکت ترین کوصوبہ کی مجموعی مالیاتی صورتحال ومالیاتی آپریشنز اورآمدہ بجٹ کے حوالہ سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے مشکل کی گھڑی میں معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات کوریلیف فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے بارے میں بھی وزیرخزانہ کوآگاہ کیا۔

مخدوم ہاشم جوان بخت نے کہاکہ صوبائی حکومت محصولات میں اضافہ، اخراجات پرقابوپانے، ملازمتوں کے مواقع کی فراہمی، غربت کے خاتمہ، زراعت کوسہولیات کی فراہمی، صنعتی خدمات اوربرآمدات پرمبنی بڑھوتری کیلئے پرعزم ہے۔ وزیرخزانہ ومحصولات نے بجٹ سازی کے عمل میں ویلیوایڈیشن کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے اخراجات کومعقول بنانے اورٹیکس پالیسیوں کوہم آہنگ کرنے کے ذریعہ گروتھ پرمبنی بجٹ کی اہمیت اجاگرکی۔ واضح رہے کہ وزیرخزانہ شوکت ترین کی صوبائی وزرائے خزانہ سے ملاقاتیں بجٹ سازی کے عمل میں مشاورت ہے۔