طاقت ور مافیاز این آر او لینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

 
0
135

اسلام آباد 19 مئی 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طاقت ور مافیاز این آر او لینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن این آر او نہیں دوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں مزدوروں کیلئے تعمیر کیے گئے 2000 سے زیادہ فلیٹس پر مشتمل لیبر کالونی کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر رہائشی منصوبے کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ طاقت ور مافیاز این آر او لینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن این آر او نہیں دوں گا، ان لوگوں کو قانون کے نیچے لائيں گے ، امیر کیلئے این آر او ملک کی تباہی کا باعث بنا۔

انہوں نے نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ پنجاب کے سیاست دان اپنا پیسہ بچانے اور قانون سے بچنے کیلئے دم دبا کر لندن بھاگے ہوئے ہیں، زیادہ دیر نہیں بچیں گے، ہم واپس لے کر آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے مدینہ کی ریاست پر ماڈل بننا تھا، قانون کی حکمرانی قائم ہونی تھی، اب یہاں طاقتور کیلئے این آر او اور غریب کیلئے جیل ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پوچھتے تھے کہاں ہے نیا خیبر پختونخوا؟ انہيں پتا ہی نہیں تھا کتنا بڑا انقلاب آرہا ہے، خیبرپختونخوا کے شناختی کارڈ کا مطلب آپ کو 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس مل گئی۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے رکاوٹیں ختم کردیں، اب بینک قرض دیں گے ، لوگ گھر بناسکیں گے ، قرضوں کی قسطیں بھی بڑھائی جائيں گی۔