لاہور جولائی 26 ( ٹی این ایس ) سانحہ فیروز پور روڈ پر تشکیل دی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی،ابتدائی طو رپر زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لیے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے فیروز پور روڈ پر ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی سی ٹی ڈی ملک اقبال کی سربراہی میں 5 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے جس میں سی ٹی ڈی کے انسپکٹر انویسٹی گیشن محمد صدیق ،انسپکٹر سی آئی اے طارق الیاس کیانی اور حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ابتدائی طور پر ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں ۔ یاد رہے کہ 24 جولائی کو لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر ہونے والے خودکش حملے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد شہید اور 57 زخمی ہوئے تھے۔