وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پی پی 84 خوشاب سے آزاد امیدوار ملک امجد رضا کی ملاقات، تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

 
0
428

ملک امجد رضا کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار،تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے:عثمان بزدار
حکومت کی پائیدار پالیسیوں کے باعث معیشت ٹریک پر آ چکی ہے، اپوزیشن کو پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی
معیشت پر سیاست کرنا اپوزیشن کا انتہائی قابل مذمت فعل ہے،یہ عناصر نہیں چاہتے کہ عام پاکستانی خوشحال اور صنعت کا پہیہ چلے
کل خراب معیشت کا واویلا کرنے والے آج مضبوط ہوتی معیشت پر بھی شور مچا رہے ہیں، اپوزیشن کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں
لاہور 04 جون 2021 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں خوشاب سے تعلق رکھنے وا لے پی پی 84 سے آزاد امیدوار ملک امجد رضا نے ملاقات کی۔ ملک امجد رضا نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحریک انصاف میں شمولیت پر ملک امجد رضا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے۔ حکومت کی پائیدار پالیسیوں کے باعث معیشت ٹریک پر آ چکی ہے۔ اپوزیشن کو پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ معیشت پر سیاست کرنا اپوزیشن کا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔یہ عناصر نہیں چاہتے کہ عام پاکستانی خوشحال اور صنعت کا پہیہ چلے۔ اپوزیشن عناصر کو معیشت کی اے بی سی کا علم نہیں۔ کل خراب معیشت کا واویلا کرنے والے آج مضبوط ہوتی معیشت پر بھی شور مچا رہے ہیں اور یہ ان کا دوغلا پن ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اب منفی سیاست چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ہم عوامی خدمت کے لئے آئے ہیں اورعوامی خدمت کرتے رہیں گے۔ سازشیں کرنے والے ہر موقع پر ناکام رہے ہیں۔ پی ڈی ایم والے تماشہ لگاتے لگاتے خود تماشہ بن چکے ہیں۔ مسترد شدہ عناصر کل بھی ناکام تھے، آج بھی ناکام ہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔رونااپوزیشن کا مقدر ہے اوریہ روتے ہی رہیں گے۔پی ڈی ایم والے ملک کا مستقبل تاریک کرنے کے درپے ہیں۔22کروڑ عوام کبھی بھی اس ٹولے کو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ ملک امجد رضا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔