وزیراعلیٰ عثمان بزدار ان ایکشن،لاہور کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ، خود گاڑی ڈرائیو کی، صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

 
0
137

وزیراعلیٰ صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہم،،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو عہدے سے ہٹا دیا
عوام کے مسائل حل نہ کرنیوالے افسران کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، جو افسر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا وہ پنجاب چھوڑ دے
کاغذی کارروائیاں نہیں چلیں گی اور نہ ہی صفائی پر کوئی سمجھوتہ ہوگا، لاہور پاکستان کا دل اور اسے صاف رکھنا ضروری ہے:عثمان بزدار
لاہور 04 جون 2021 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ان ایکشن، وزیر اعلی عثمان بزدار نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور اکیلے ہی بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے صفائی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارسٹاف افسر، سکیورٹی آفیسر اور آفیشل فوٹوگرافر و کیمرہ مین کوبھی ساتھ لے کر نہ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر کے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے حکم پرلاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران علی سلطان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان کو فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسران کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں اور جو افسر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا وہ پنجاب چھوڑدے۔ کاغذی کارروائیاں نہیں چلیں گی اور نہ ہی صفائی پر کوئی سمجھوتہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے دورے کے دوران صفائی کی خراب صورتحال دیکھ کر ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی پر افسوس ہوا۔ شہر میں صفائی کی صورتحال کے بارے کچھ عرصے سے شکایات مل رہی تھیں جس پر میں نے صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے اور دل کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے۔