(اسلام اباد (ٹی این ایس) او آئی سی کے موقع پر پاکستان اور مالدیپ کے درمیان اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان سے خصوصی ملاقات کی ہے
ملاقات میں پاکستان نے مالدیپ کے ساتھ داخلی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی روابط کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے مالدیپ کو ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ کوششوں سے درپیش چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ محمد شعیب اکبر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔













