سی ڈی اے کا اسلام آباد کے علاقے میں بری امام میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن ۔ درجنوں غیر قانونی تعمیرات مسمار۔ سرکاری اراضی واگزار۔

 
0
126

اسلام آباد 12 جون 2021 (ٹی این ایس): چئیرمین سی ڈی اے کی خصوصی ہدایت پر سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے آج ہفتہ کے روز ہفتہ وار تعطیل کے باوجود بری امام کے علاقے میں قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور کارروائی کی۔ ابتدائی طور پر آپریشن کا آغاز محلہ لس میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سے کیا جہاں پر بھاری مشینری کی مدد سے 5 غیر قانونی دوکانیں، 4 واش رومز، 05 کمرے، 6 چار دیواریاں بمعہ داخلی دروازے اور 4 مزید گھروں کی غیر قانونی تعمیر کے لئے بنائی گئی بنیادوں اور DPC کو بھی مسمار کر کے سرکاری اراضی واگزار کرالی۔

بعدازاں رملی گاؤں بری امام میں بھی غیر قانونی تعمیرات کی شکایات پر کارروائی کی گئی۔ سی ڈی اے عملے نے جونہی ایک گھر کو گرانے کا عمل شروع کیا تو مقامی افراد اور خواتین موقع پر اکٹھے ہونا شروع ہو گئے جنہوں نے مزاحمت کرنا شروع کر دی اور مزید کارروائی موخر کر دی گئی تاہم مزاحمت کاروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے متعلقہ تھانے میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔