دستاویزات کے فارنزک تجزیہ کیلئے جدید ترین آلہ ویڈیوسپیکٹرل کامپیرٹر8000 نیب کے

 
0
6984

اسلام آباد جولائی 26 (ٹی این ایس ) بیوروآف انٹرنیشنل نارکاٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ پاکستان (آئی این ایل۔پی) کی ڈائریکٹرکیٹی ستانا نے باضابطہ طور دستاویزات کے فارنزک تجزیہ کے حوالے سے جدید ترین آلہ ویڈیوسپیکٹرل کامپیرٹر8000 قومی احتساب بیورو کے چئیرمین قمرزمان چوہدری کے حوالے کردیا ہے جس کی مالیت ایک لاکھ 25ہزارڈالر یا 12.5ملین روپے ہے،اس آلے کی مدد سے نیب کو جعلی دستاویزات بشمول سفری وشناختی دستاویزات، کرنسی نوٹ، چیکس، اوردیگر سرکاری دستاویزات کی جانچ پڑتال میں مدد ملیگی۔ویڈیوسپیکٹرل کامپیرٹر8000 باضابطہ طور پرحوالے کرنے کی تقریب قومی احتساب بیوروکے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیوروآف انٹرنیشنل نارکاٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ پاکستان (آئی این ایل۔پی) کی ڈائریکٹرکیٹی ستانا نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد اوربدعنوانی کا خاتمہ امریکی حکومت کابین الاقوامی عزم ہے۔انہوں ملک میں بدعنوانی کے خاتمے میں قومی احتساب بیورو کے کردار کی تائید کی اور کہاکہ نیب ملک میں کرپشن کے خاتمے کا سب سے بڑا ادارہ ہے اور 16سال قبل اپنے قیام سے لیکر آج تک نیب نے 200 ارب روپے کی ریکوریاں کی ہیں اورتین لاکھ 20ہزار درخواستوں پر کارروائی کی۔انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ نئے فورینزک آلات کی مدد سے نیب کو نہ صرف بدعنوانی کے خلاف تحقیقات میں مدد ملیگی بلکہ اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ فورینزک تحقیقات میں تعاون کیلئے بھی استعمال میں لایا جائیگا۔چیرمین نیب قمرزمان چوہدری نے اس موقع پر پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کی کوششوں میں آئی این ایل۔پی کی تیکنیکی و تربیتی شراکت داری اورتعاون کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ وی ایس سی 8000پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی مشین ہے۔12جون 2017سے آئی ایل این ۔پی کے تعاون سے اس آلے کی تربیت کے حوالے سے نیب کے پانچ افسران ایوشام برطانیہ میں خصوصی تربیت بھی حاصل کررہے ہیں۔نیب کے افسران نے کہاہے کہ یہ دنیا بھر میں دستاویزات کے تجزیے کے حوالے سے دستیاب آلات میں سب سے جدید ترین آلہ ہے اور اس کی مدد سے نیب کو نہ صرف بدعنوانی کی تحقیقات کے دوران دستاویزات کی تصدیق میں مدد ملیگی بلکہ فورینزک دستاویزات کی تصدیق کیلئے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ بھی تعاون کو یقینی بنایا جاسکے گا۔فورینزک آلات کی مد میں مدد کے علاوہ آئی ایل این ۔پی نے نیب کے افسران اورتفتیش کاروں کو منی لانڈرنگ اورمالیاتی جرائم کے انسداد کی تربیت کی فراہمی میں بھی تعاون کیا ہے۔امریکی ادارہ بیورو آف انٹرنیشنل نارکاٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیرز 90 سے زائد ممالک میں کام کررہاہے اوریہ ادارہ جرائم، بدعنوانی، انسداد منشیات اور دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کررہاہے،آئی ایل این ۔پی پولیس اداروں کی بہتری اور قانون کے نٖفاذ کو وسیع کرنے میں بھی تعاون فراہم کررہاہے۔