کھیلوں کی سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لیے چین مدد کرے گا؛ چینی سفیر نونگ رونگ

 
0
148

اسلام آباد 23 جون 2021 (ٹی این ایس): پاکستان میں تعینات چینی سفیر، مسٹر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے شعبہ میں ہر سطح پر تعاون کے لئے تیار ہے۔ کوچزاور کھلاڑیوں کی تربیت کے علاوہ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلوں کی سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔ یہ بات چینی سفیر نے ڈائریکٹر جنرل، پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل (ر) محمد آصف زمان سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے پاک چین دوستی کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں اور دیگر افعال کے انعقاد کے لئے گہری دلچسپی لینے پر پاکستان کی تعریف بھی کی۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل، پاکستا ن سپورٹس بورڈ کرنل (ر) محمد آصف زمان نے چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ کا پرتپاک استقبال کیا۔ میٹنگ کے دوران، ڈی جی، پی ایس بی نے بتایا کہ چین نے تقریبا 35 سال قبل اس اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیا اور حکومت پاکستان یہ امید کرتی ہے کہ چین کھیلوں کے میدان میں بہتری لانے کے لئے اب اس کمپلیکس کو مزید بہتر بنانے میں مدد کریگا۔ ڈائریکٹر جنرل نے چینی سفیر سے کھیلوں کے حوالے سے سے کووڈ کی وبا کے بعد کے منظر نامے اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی تقریبات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ سفیر نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا۔ آخر میں، دونوں عہدیداروں نے کھیلوں کے تعاون کے مجوزہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لئے فوکل پرسنز کی نامزدگی پر بھی اتفاق کیا۔