پی ٹی آئی نے 100 دن میں ریاست مدینہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جو وہ بھول گئے، مریم اورنگزیب

 
0
243

اسلام آباد 24 جون 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے دعوے جھوٹے نکلے۔مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 100 دن میں ریاست مدینہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جو وہ بھول گئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر 4 بار تبدیل ہوچکے ہیں۔ ملک میں چینی کی قیمت بڑھ گئی، مہنگائی میں اضافہ ہوا اور موجودہ حکومت میں بے روزگاری سے لوگ تنگ آچکے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ملک کے ہر شخص پر پونے 2 لاکھ روپے کا قرض ہے جبکہ 3 سال میں 2 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے دعوے بھی جھوٹے نکلے اور اب موجودہ حکومت سے عوام کو کوئی امید نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا چہرے نہیں نظام بدلوں گا لیکن عمران خان نے نظام کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ پارلیمان اور اپوزیشن کا گلا گھوٹا گیا جسے ہم بھولنے نہیں دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں کیوں بجٹ کی کاپیاں ماری گئیں ؟ یہ کاپیاں بے روزگار اور غریبوں کی چیخیں دبانے کے لیے ماری گئیں ؟ یہ خون چوس، ہڈی توڑ اور زکوٹا جن کا بجٹ ہے۔