مقبوضہ کشمیر، عوامی مجلس عمل کا پارٹی کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی حراست پر اظہار تشویش

 
0
403

سرینگر جولائی 27(ٹی این ایس )مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے کارکنوں مشتاق احمد صوفی ، پیر غلام نبی ، فاروق احمد سودگر اور محمد صدیق ہزار کی مسلسل غیر قانونی حراست پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قطعی طور پر بلا جواز اورقابض انتظامیہ کے آمرانہ طرز عمل سے تعبیر کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عوامی مجلس عمل کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ کارکن بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان تنویر احمد کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چند روز قبل بیروہ بڈگا م گئے تھے جس دوران بھارتی پولیس نے انہیں حراست میں لیکر تھانے میں نظر بند کردیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ ان لوگوں کے ساتھ فوٹو گرافر محمد اقبال بیگ اور ڈرائیور اشتیاق احمد کو بھی حراست میں لیا گیا ۔بیان میں گرفتار شدہ افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی مسلسل نظر بند ی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے اور کٹھ پتلی انتظامیہ نئی دلی کے اپنے آقاؤں کے اشارے پر کشمیر میں مزاحمتی قیادت اور عوام کو دبانے کیلئے ہر غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہتھکنڈہ بروئے کار لارہی ہے ۔دریں اثنا عوامی مجلس عمل کے ترجمان نے بھارتی فورسز کی طرف سے کولگام کے علاقوں کیموہ اور کھڈونی میں گھروں میں گھس کرخواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت مکینوں کی مارپیٹ اور گھریلو ساز و سامان کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔