بھارت نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 538 سرحدی خلاف ورزیاں کیں ٗ تہمینہ جنجوعہ

 
0
367

اسلام آبادجولائی 27 (ٹی این ایس ) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 538 سرحدی خلاف ورزیاں کیں ٗبھارت طالبان کو پاکستان کے خلاف پراکسی کے طور پراستعمال کر رہا ہے ۔ نزہت صادق کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھارتی وزیر اعظم کے غیر ملکی دروں کے پاکستان پر اثرات پر بریفنگ دی ۔تہمینہ جنجوعہ نے بتایا کہ مودی کے دورہ اسرائیل کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے ایک دوسرے کے ساتھ قربت دکھانے کی کوشش کی ۔ مودی کے دورہ اسرائیل پر مشرق وسطیٰ کے کسی ملک نے شور نہیں مچایا ٗصرف آیت اللہ خامنہ ای نے کشمیریوں کی حمایت میں بیان دیا ۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ مودی کے دورہ امریکا کے موقع پر صلاح الدین کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا جس کی پاکستان نے مخالفت کی ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا چاہتا ہے ۔ دفتر خارجہ نے بھارتی اقدامات پر غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ دی ہے ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ افغان پالیسی پر خیبر پختونخوا حکومت کو اعتماد میں لیا جائے ۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سعودی حکومت پاکستانی شہریوں کی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس نہیں لے رہی ۔