ملک بھر میں پاکستان کا 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جا رہا

 
0
2276

اسلام آباد اگست14(ٹی این ایس)ملک بھر میں پاکستان کا 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ,یوم آزادی کے موقع پر دن کاآغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملک کی خوشحالی، سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس کے علاوہ دیگر مذہبی اقلیتی برادری نے بھی ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا۔جشن آزادی کے حوالے سے مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں جاری ہے جس میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سمیت وفاقی وزراء، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ اور سفیروں کی بڑی تعداد شریک ہے، اس موقع پر چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ بھی موجود ہیں جو پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کے موقع پر خصوصی طور پر شرکت کرنے پاکستان پہنچے ہیں۔

 

دوسری جانب پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پریڈ کا اہتمام کیا گیا جب کہ لاہور میں مینار پاکستان کو بھی سبز برقی قمموں سے سجایا گیا اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ کراچی میں بھی بحریہ ٹاو ¿ن میں جشن آزادی کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا اور ایشیا کے سب سے بڑے ڈانسنگ فاو نٹین کو قومی رنگوں سے سجایا گیا، اس موقع پر قومی نغمے بھی گنگنائے گئے جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی دن بدلتے ہی زبردست آتش بازی کی گئی جس سے آسمان دن کا منظر پیش کرنے لگا۔ پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی سربلندی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔پاکستان کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں سرکاری عمارتوں کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جب کہ رات 12 بجے مختلف شہروں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ایک دوسرے کو جشن آزادی کی مبارکباد دینے کے ساتھ قومی نغموں پر جھوم کر خوشی کا اظہار کیا۔

 

چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ یوم آزادی کی قومی تقریبات میں شرکت کے لئے خاص طورپر اسلام آباد پہنچے ہیں-یوم آزادی کے موقع پر شاہراہ دستور پر واقع ایوان صدر، پارلیمنٹ ہاﺅس، سپریم کورٹ، وزیراعظم آفس ،پاک سیکرٹریٹ اور دیگر عمارتوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ڈی چوک کو بھی کھول دیاگیا ہے ۔قبل ازیں پرچم کشائی کی تقریب 17 سال بعد پارلیمنٹ ہاﺅس کے احاطے میں منعقد کرنے کی چیئرمین سینٹ کی تجویز سے وزیراعظم نے اتفاق کیا تھااس سلسلے میں انتظامات بھی کرلئے گئے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے یہ تقریب حسب سابق کنونشن سینٹر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

 

تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور ترک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے بھی وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ایئرشو میں حصہ لیں گے۔تینوں فضائیہ کے طیارے فضا میں بل کھاتے اور مختلف فارمیشنز بنا کر رنگوں کی صورت کرتب دکھا کر شہریوں کو محفوظ کریں گے،ائر شو آج دوپہر ایک بجے ایف نائن پارک میں ہوگا۔اسسٹنٹ چیف آف ایئر سٹاف(آپریشن) ایئر کموڈور احسن رفیق نے اس بڑے ایئر شو کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور ترکی اور سعودی عرب کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے یوم آزادی کے موقع پر ان ٹیموں کا پاکستان اورپاکستانی عوام سے محبت اور گہرے رشتوں کا مظہر ہے۔

 

پرچم کشائی کی تقاریب کے ساتھ ساتھ ریلیاں،سیمینار جلسے جلوس نکالے جائیں گے۔ 14اگست کو صبح8بجکر 58منٹ پر سائرن بجائے گئے جس کے بعد ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کرنے کے بعد ٹھیک 9 بجے پرحم کشائی کی تقاریب منعقد ہوئیں۔