اسلام آباد 29 اگست 2021 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے کراچی کے لیے 11 سو ارب کے پیکیج کا اعلان کیا گیا لیکن آج تک عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا سندھ کے عوام کو کچھ نہ دیا، اس حکومت کو دفن کرنے کے لیے لاکھوں لوگ لے کر اسلام آباد جائیں گے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا کراچی باغ جناح میں جلسہ جاری ہے جس میں قائدین خطابات کررہے ہیں۔ اسٹیج پر مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، جہانزیب جمالدینی، اویس نورانی اور دیگر موجود ہیں۔ جلسے میں شرکت کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سمیت سندھ اور بلوچستان سے لوگ پہنچے ہیں۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے کراچی کے لیے 11 سو ارب کے پیکیج کا اعلان کیا لیکن آج تک عمران نیازی نے چند ٹکوں کے سوا کراچی کو کچھ نہ دیا، جھوٹے وعدوں پر عوام کو ٹرخایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سندھ کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، عمران خان دن رات جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، کراچی میں بوری بند لاشیں ملتی تھیں اور لوگوں کو بھتے کی پرچیاں دی جاتی تھیں لیکن اب بھتہ خوری کا خاتمہ ہوچکا ہے مسلم لیگ (ن) نے حکمت عملی کے ذریعے کراچی میں امن و امان بحال کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ کراچی ایک معاشی حب ہے لیکن اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، اگر پی ڈی ایم کو موقع ملا تو اس شہر اور اس ملک کی ترقی کے لیے کام کرے گی، ہم تعلیم و صحت کو مفت فراہم کریں گے۔
انہوں ںے کہا کہ کراچی نے ایک ماں کی مانند پورے ملک بھر کے لوگوں کو اپنی گود میں سما رکھا ہے چاہے وہ پنجاب، بلوچستان، گلگت، کشمیر یا ملک کے کسی بھی علاقے سے آیا ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس مہنگائی کے خلاف عوام کے طوفان کو اسلام آباد لے کر جانا ہوگا اور حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہانا ہوگا، اس کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں لوگوں کا سمندر لے کر اسلام آباد ضرور جائیں گے۔