ججز تقرری؛ چیف جسٹس نے بار کونسلز اور وکلا کو بات چیت کی پیشکش کردی

 
0
270

اسلام آباد 13 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ججز تقرری پر بار کونسلز اور وکلا کو بات چیت کی پیشکش کردی۔

نئے عدالتی سال کے موقع پرفل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ججز تقرری پر ہمیشہ بارکونسلزکی رائے لی گئی، سمجھ نہیں آتا بارکونسلزکی ججز تقرری میں احتجاج کے پیچھے کیا محرکات ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ بارکونسلز اور وکلا کے لیے اب بھی ان کے دروازے کھلے ہیں۔

اس موقع پر اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ میں خاتون جج کی کمی آدھی آبادی کو نمائندگی سے محروم رکھے گی، سنیارٹی پر ججز کی تعیناتی کا مسئلہ تعلقات میں بگاڑ کی وجہ بن گیا، ججز تعیناتی میں شفافیت سے پسند اور ناپسند کا عنصر ختم کیا جاسکتا ہے، آج سے قبل بینچ اور بار کے درمیان اتنی دوریاں کبھی نہ تھیں، اب وکیل ہڑتال کرتے ہیں اور عدالتوں کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں۔

فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں پاکستان بار کونسل کے ممبر امجد شاہ کا کہنا تھا کہ ملک کا عدالتی نظام خاص طورپرنچلی عدالتوں میں شفاف اور فوری انصاف کی فراہمی اطمینان بخش نہیں، یہ بات قابل ستائش ہے کہ عدالتوں نے سابق وزیراعظم کے مقدمات کی جلد شنوائی کرکے فیصلے کیے تاہم دو مرتبہ آئین کو پامال کرنے والے آمر کا مقدمہ آج تک سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔