اسلام آباد 27 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ نے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ سرکاری ملازمین کو گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں کرپٹ افسران کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن نے کرپشن اوررشوت ستانی کے مختلف واقعات میں 6 سرکاری ملازمین کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔
کارروائی کے دوران بارانی یونیورسٹی چکوال کے فیلڈ آفیسر کو گرفتار کیا گیا جس نے زیتون کی ناقص فصل کاشت کرکے سرکاری خزانہ کو 48 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے بہاولپور کے موضع پکی وار سے نمبردار بیلف اصغر علی کو پانچ ہزار روپے رشوت وصول لکرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جب کہ فیصل آباد سے جعلی دستاویزات پر ٹیچر بھرتی ہونے والا شخص بھی دھر لیا گیا جو گریجویشن کی جعلی ڈگری پر محکمہ تعلیم میں ٹیچر بھرتی ہوا تھا۔
ادارہ انسداد بدعنوانی نے راولپنڈی کے علاقے کوٹلی ستیاں سے پٹواری کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا، پٹواری کوٹلی ستیاں نے جعلی بیع نامہ تیار کرکے زمین کا انتقال کیا تھا۔
مذکورہ معاملے پر عدالت نے ملزم کو تین سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
اینٹی کرپشن اہلکاروں نے ٹی ایم اے ساہیوال سے سینٹری ورکر کو بیس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا اور مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا۔
اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ میں فیصل آباد نے محکمہ آبپاشی کا ہیڈ کلرک کو بھی گرفتار کیا گیا۔ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار سرکاری ملازمین سے ہزاروں روپے رشوت بھی برآمد ہوئی تھی۔