بلاول بھٹو عوام کو بھیانک دور سے نجات دلائیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

 
0
141

کراچی 17 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو عوام کو اس بھیانک دور سے نجات دلائیں گے۔

YT Sub
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آچکا ہے اور تحریک انصاف حکومت نے 3 سال میں صرف مہنگائی کی ہے لیکن صرف بلاول بھٹو ہی ملک کے غریبوں کے لیے حالات بہتر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا لیکن بلاول بھٹو عوام کو اس بھیانک دور سے نجات دلائیں گے۔ حکومت کے خلاف لوگوں میں غم اور غصہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنا لائحہ عمل دیں گے اور آج پھر لوگوں کو امید کی ایک کرن نظر آئے گی۔ بھٹو خاندان کا دل غریبوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

سانحہ کارساز پر بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ سانحہ کارساز کے تمام شواہد مٹا دیے گئے تھے اور سانحہ کارساز میں ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے صدر بننے کے بعد اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے اور سندھ حکومت نے غریب عوام میں مفت زمینیں تقسیم کیں۔ ہم نے وفاقی حکومت کے مردم شماری کے فیصلے کو پارلیمنٹ میں چیلنج کیا۔

گندم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی کہا گیا تھا کہ گندم ضرورت سے زیادہ ہوئی ہے اور عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہمیں تو پتہ ہی نہیں تھا کہ حکومت میں کیا ہوتا ہے۔ مارچ میں گندم کی فصل اترتی ہے جبکہ ستمبر اور اکتوبر میں گندم ریلیز کی جاتی ہے لیکن ان لوگوں کو ابھی تک گندم کے طریقہ کار کا پتہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے پنجاب سے گندم لیتی ہے لیکن سندھ سے گندم پنجاب اور پنجاب سے آگے اسمگل ہوجاتی ہے۔ لوگ آٹا عمران خان کی حکومت آنے کے بعد سے نہیں کھا رہے۔