اسلام آباد 26 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعدمنگل کی صبح اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے۔دورے کے اختتام پرریاض میں سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ عادل بن احمد ال جبیر نے وزیر اعظم کو الوداع کیا۔
دورے پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر،مشیر خزانہ شوکت ترین،وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم بھی تھے۔وزیراعظم نے مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹیو سربراہ اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس سے خطاب بھی کیا۔
انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی۔دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے سعودی عرب پاکستان انوسٹمنٹ فورم سے خطاب بھی کیا۔وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کئے۔انہوں نے عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی