کراچی، رینجر اورپولیس کی کارروائیاں جاری، 20افراد گرفتار

 
0
372

کراچی  جولائی31(ٹی این ایس)۔ : کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف کارروائیوں اور واقعات میںپولیس اور رینجرز نے 20افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر 2 خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے اتوارااور پیر کی درمیانی شب بلدیہ ٹائون کے علاقے آفریدی کالونی میں سرچ آپریشن کیا،اس دوران تمام داخلی و خارجی راستے سیل کردئیے گئے۔پولیس اور رینجرز نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور کئی گھروں کی تلاشی لی،پولیس کے مطابق کارروائی میں 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جنہیں پوچھ گچھ کیلئے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

جبکہ پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹائون میں جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق جواریوں کے قبضے سے 6ہزار 300 روپے اور سٹے کی پرچیاں برآمد کرلی گئیں،پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔شارع فیصل پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم جانسن کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزم اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جس کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ عائشہ زخمی ہوگئی جسے عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی گئی،پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا،پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔بلدیہ ٹائون کے علاقے قاسم کالونی میں 40 سالہ وزیراں بی بی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی جسے سول اسپتال میں طبی امداد دی گئی،پولیس کے مطابق خاتون کو نامعلوم سمت سے گولی آکرلگی،پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔