سائٹ کے علاقے میں قتل کی دو واردات،بہادر آباد میں بس کلینر نے مسافر اور نیو سبزی منڈی میں دو افراد نے پرانی دشمنی پر ایک شکص کو قتل کر ڈالا

 
0
657

کراچی،اکتوبر18 (ٹی این ایس):  منگل صبح سائٹ کے علاقے غنی چورنگی پر منی بس ڈرائیور کو نعش پھینکتے ہوئے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او سائٹ قمر زیب کے مطابق بس کے کلینر عمر کا بہادرآباد کے علاقے میں مسافر سے کرائے پر جھگڑا ہوا جس میں کلینر نے مسافر کو چھریوں کے وار کرکے شدید زخمی کردیا‘ جھگڑے میں کلینر بھی زخمی ہوا۔ کلینر اور ڈرائیور کوسائٹ میٹروول فیض الرحمن اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مسافر کی موت کی تصدیق کردی۔

ڈرائیور مسافر کی نعش غنی چورنگی پر پھینک رہا تھا تو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کلینر عمر بھی زخمی ہے اس کو اسپتال میں تلاش کررہے ہیں۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ چونکہ واقعہ بہادرآباد تھانے کی حدود میں ہوا ہے اس لئے کیس وہاں درج ہوگا‘ ہم ملزم بہادرآباد پولیس کے حوالے کردیں گے۔

منگل کی صبح ہی  سائٹ سپرہائی وے کے علاقے نیو سبزی منڈی کے عقب میں واقع کچی آبادی ہنگورا گوٹھ میں 35 سالہ نادر ولد ریحان کو 2 افراد نے کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نادر کا تعلق مگسی قوم سے تھا۔نادر کو ملزمان عادل عرف فوجی اور موج علی نے پرانی دشمنی کی بناءپر قتل کیا ہے۔ واردات کے بعد  ملزمان فرار ہوگئے ہیں۔