چاروں شریف ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے، شہباز گل

 
0
350

اسلام آباد 18 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ن لیگ سب کو فون کر کے کہہ رہی ہے کہ ڈیل ہو گئی ہے لیکن جب ہم نے ن لیگ سے سوال کیا تو وہ صفائیاں دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ سے شریفوں کو نکالنے کی نئی آڈیو سامنے آنے والی ہے۔ چاروں شریف ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ سب سے کہہ رہی ہے کہ بات بن گئی ہے لیکن ہمارے انکشافات سے ان کی چیخ و پکار شروع ہو گئی ہے اور حزب اختلاف کی کاوشیں اپنے ہی دام میں صیاد آ گیا کے مصداق ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ لیگی رہنماؤں سے سوال ہے وہ پارٹی کو کیوں ٹیک اوور کرنا چاہتے ہیں۔ پہلی ڈیل شریف فیملی نے ضیاالحق اور دوسری جونیجو کے ساتھ کی تھی۔ نواز شریف نے پرویز مشرف کے ساتھ ڈیل کی اور پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ ہر وقت ہر کسی سے ہر شے مانگنا شریف فیملی کی ڈاکٹرائن ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی نے ہر صحافی سے ڈیل کی بات کی ہے اور ڈیل کے بعد ساری شریف فیملی منظر عام سے غائب ہو گئی۔ پہلے ڈیل سے انکار کرتے رہے پھر کہا 10 کے بجائے 5 سال کی ڈیل ہے۔