فضل الرحمان اور نواز شریف کے درمیان ٹیلفونک رابطہ، حکومت کے خلاف تحریک تیز کرنے پر اتفاق

 
0
1553

اسلام آباد 25 جنوری 2022 (ٹی این ایس): پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے حکومت سے نجات کے لیے تحریک تیز کرنے پر اتفاق کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان فون پر رابطہ ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کی تحریک پر طویل مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے حکومت سے نجات کے لیے تحریک تیز کرنے پر اتفاق کیا جبکہ لانگ مارچ اور ان ہاؤس تبدیلی سمیت مختلف قومی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو آج پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر اعتماد میں لیا اور کہا موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کا وقت آچکا ہے۔

نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی پی ڈی ایم سےجوفیصلہ کیا جائے گا، ن لیگ ساتھ دے گی۔

خیال رہے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حکومت مخالف تحریک،لانگ مارچ اور ان ہاؤس تبدیلی سمیت اہم امور پرغورکیا جائے، جس کے بعد اہم فیصلے متوقع ہے۔