کشمیر میں ایک غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے، وزیراعظم عمران خان

 
0
100

اسلام آباد 05 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر پر جاری اپنے بیان میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حق خودارادیت کے لیے پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا مودی کی جبر و تشدد پر مبنی فسطائی پالیسیاں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اہلِ کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم اور نسل کشی جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جن میں نسل کشی سمیت انسانیت کے خلاف جرائم اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت جنگی جرائم شامل ہیں اور جو جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں، کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایک غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے، اقوامِ عالم پر لازم ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالتِ زار اور ہندوستانی ریاست کے ظالمانہ عسکری قبضے سے آزادی و نجات کی ان کی ناقابلِ اعتراض و انکار خواہش کو نظرانداز نہ کریں۔