وزیر بلدیات کی ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے حوالے سے صوبہ بھر کے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان کوہدایات

 
0
420

لاہور اگست 1(ٹی این ایس ) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے حوالے سے صوبہ بھر کے تمام بلدیاتی اداروں کے چئیرمین ،ڈپٹی چیئرمین اور چیف آفیسرز کو ہدایات جاری کی ہیں، جس کی رو سے موسم برسات میں کسی بھی نشیبی علاقوں میں برساتی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ جنگلی اور بے موسمی پودوں کو فوری تلف کریں تاکہ ڈینگی لاروے کی پرورش میں معاون ثابت نہ ہو سکیں۔ صوبہ بھر میں تمام گھروں ، سکولوں ، کا لجوں اور یونیورسٹیوں میں ڈینگی لاروے کے خاتمہ میں تیز تر اقدامات کئے جائیں۔ چیکنگ کے عمل کے دوران تعاو ن نہ کرنے والے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ تعلیمی اداروں، گھروں،پلاٹ ،فیکٹریوں،ورکشاپوں ،اور گوداموں کے علاوہ ہسپتالوں میں لاروا پائے پر مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔ تمام سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کی بھی چیکنگ کی جائے۔ حکومتی ہدایت پر عمل نہ کرنے والے ہسپتالوں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔تمام قبرستانوں میں صفائی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔سرویلینس ٹیموں کی کارکردگی جانچنے کے لئے اچانک دورے کئے جائیں۔ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں ماہانہ ما ئیکرو پلان پر عملدر آمد نہ کرنے والے بلدیاتی ا فسران،متعلقہ محکمہ جات اور یونین کونسلوں کے افسران کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تمام افسران کے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کام نہ کرنے والوں کا قبلہ درست کیا جا سکے۔ جن افسران کی ڈینگی کے حوالے سے کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی کے خلاف متعلقہ محکموں کو سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام میں اس بات کا بھی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ڈینگی سرویلینس ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاو ن کریں تاکہ ڈینگی لاروے کے ٹھکانوں اور پرورش گاہوں کا فوری خاتمہ ہو سکے۔