پشاور دھماکا؛ سید ساجد علی نقوی کی طرف سے پورے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان

 
0
264

اسلام آباد 04 مارچ 2022 (ٹی این ایس): قائد ملت جعفریہ سید ساجد علی نقوی کی طرف سے پشاور میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے خود کش بم حملے کے خلاف پورے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔

شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ پشاور میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے خود کش بم حملے کے خلاف قائد ملت جعفریہ سید ساجد علی نقوی نے پورے ملک میں تین روزہ سوگ اور بروز اتوار مورخہ 6 مارچ 2022 ملک بھر میں سانحہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے پشاور کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اتنے واقعات ہونے کے باوجود دہشت گردوں کو سزا نہیں دی گئی۔ کیا ملک دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آج ہونے والے پشاور واقعے کو ٹیسٹ کیس بنالیا جائے اور دہشت گردوں کو سزا دی جائے۔

اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر کے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ حکومت دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں ٹاگٹڈ آپریشن کرے۔

رہنما شیعہ علماء کونسل کا کہنا ہے کہ جمعتہ المبارک 11 مارچ بعد نماز جمعہ پورے پاکستان میں پر امن احتجاجی مظاہرہ کیے جائیں گے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کے لئے پوری صحتیابی تک مکمل علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، شہداء کے ورثاء کو 50 لاکھ روپے معاوضہ اور ان کے بچوں کو سرکاری نوکری دی جائے۔

واضح رہے کہ پشاور کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 56 افراد شہید جبکہ 196 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔