سندھ ہائوس میں نوٹوں سے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، ڈاکٹر شہباز گِل کی میڈیا گفتگو

 
0
117

اسلام آباد 19 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ سندھ ہائوس میں نوٹوں سے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، جو آگ اپوزیشن نے لگائی ہے عوام اس پر ردعمل دیں گے، پرامن احتجاج کریں گے، قانون کسی صورت ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ درست ہے کہ سندھ ہائوس کے گیٹ کو نہیں توڑنا چاہئے تھا۔ گذشتہ روز جو لفظ کہا اس پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں جب راجہ ریاض کو ٹکٹ دیا جا رہا تھا تو وہاں پر موجود تھا، انہوں نے ٹکٹ کیلئے وزیراعظم کے پائوں نہیں پکڑے تھے باقی سب کچھ کیا تھا، پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے 15 سے 20 کروڑ میں بک رہے ہیں، عمران خان نے ایسا کیا کیا کہ ضمیر خریدے جا رہے ہیں،رومیش کمار جو حرکتیں کر رہا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، فیصل آباد اور پشاور سمیت کارکن جہاں بھی احتجاج کریں قانون ہاتھ میں نہ لیں، پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، جو آگ اپوزیشن نے لگائی ہے عوام اس پر ردعمل دیں گے، فوج قابل احترام ادارہ اور عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، گرفتار ارکان کو شخصی ضمانت پر رہا کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلایا جائے گا، ہم بھی اراکین کی خرید و فروخت کر سکتے ہیں لیکن ایسا نہیں کریں گے، سندھ حکومت کے وسائل کے ذریعے اراکین کی خرید و فروخت کی جا رہی ہے، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو سامنے آئی لیکن ابھی تک اس پر کارروائی نہیں ہوئی، کوئی غیر پارلیمانی اور غیر قانونی کام نہیں کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کے سیاسی کارکن کے خلاف احتجاج کے دوران دہشت گردی کا مقدمہ درج نہیں ہونا چاہئے لیکن احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہئے، کارکنوں کے خلاف مقدمات کی صورت میں قانونی طریقہ کار پر عمل کریں گے۔