”ایک ووٹ فواد اور دوسرا قریشی کے گھر سے اپوزیشن کو جائیگا” ۔تہلکہ خیز انکشاف

 
0
121

اسلام آباد 29 مارچ 2022 (ٹی این ایس): عدم اعتماد:”ایک ووٹ فواد اور دوسرا قریشی کے گھر سے اپوزیشن کو جائیگا’ ہمارے پاس کچھ لوگ پی ٹی آئی کے ایسے ارکان بھی ہیں جو اس بات پر ہیں کہ اگر ہمیں ایک یا دو ووٹ کی ضرورت پڑے تو ہم بھی حاضر ہیں”۔

یہ انکشافات مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کیے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہناتھا کہ فواد چوہدری کے بھائی صاحب نے ہمیں ووٹ کی یقین دہانی کروائی ہے ،

فواد چوہدری ہمیں اپنے بھائی سے اس کی تردید کروا کر دکھائیں ، ہم یہ ووٹ اس وقت ہی استعمال کریں گے جب ضرورت ہو گی ، اگر ضرورت نہیں ہو گی تو ہم کسی کو 63 اے کے آگے کیوں ڈالیں گے ۔رانا ثنااللہ کا کہناتھا کہ ایک ووٹ ہمیں شاہ محمود قریشی کے گھر سے بھی ضرورت پڑنے پر ملے گا ، جو ان کے قریبی عزیز ہیں، یعنی پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کا حال دیکھیں ، پرویزخٹک سربراہی کر رہے ہیں جو اپنے بھائی کو بھی ساتھ نہیں رکھ سکے ، ایک فواد چوہدری ہیں میں انہیں چیلنج دیتاہوں کہ وہ اپنے بھائی فرخ سے تردید کروائیں ، جومیں نے بات کی ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ اسد عمر اپنے بھائی زبیر کو تو قائل نہیں کر سکے کہ عمران خان بہت اچھا لیڈر ہے ، یہ ٹوٹل گیم ہار چکے ہیں، ان کے پاس عزت بچانے کا ایک ہی راستہ ہے کہ یہ لوگ استعفی دیدیں۔ رانا ثنااللہ کا کہناتھا کہ ہم ایم کیوایم کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں ، رات کو یہ بھی گئے ہوئے تھے جبکہ ہمارا ایم کیوایم کے ساتھ دس بجے کا وقت طے تھا ، یہ لوگ وہاں سے اٹھ ہی نہیں رہے تھے ، بڑی مشکل ساڑھے گیارہ بجے وہاں سے گئے ، ہم باہر انتظار کر تے رہے ۔