کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا، وزیراعظم

 
0
129

اسلام آباد 29 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ سے عالمی طاقتیں حکومتوں پر اثرانداز ہوتی آئی ہیں، میں نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات اپنی زیرصدارت ترجمانوں کے اجلاس کے دوران کہی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور خفیہ خط کے حوالے سے ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔

ترجمانوں کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس کو خط دکھانے کا مقصد خط کی حقیقت کو آشکار کرنا ہے، خط میں دھمکی دی گئی کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خط چیف جسٹس کے ساتھ شیئر کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ خارجہ پالیسی کے پیش نظر خط زیادہ لوگوں کے ساتھ شیئر نہیں کرسکتے۔

انہوں نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ 7 مارچ کو ہمیں خط موصول ہوا جس میں براہ راست تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہے، جیسے ہی ہمیں خط ملا، تحریک عدم اعتماد فوراً پیش ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین نے رابطے شروع کردئیے ہیں، جلد ان کی واپسی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند روز میں تمام تر صورتحال واضح ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ترجمانوں نے وزارت اعلیٰ پنجاب ق لیگ کو دینے پر سوالات کئے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ق لیگ کو وزارت اعلیٰ دینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے مقصد کے حصول کیلئے مشکل اور بڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں، کچھ لوگ ذاتی مفاد کیلئے ضمیر فروش بن جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار نے پی ٹی آئی کے منشور کو احسن طریقے سے آگے بڑھایا ہے۔