صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کو نگراں وزیر اعظم کے لیے موزوں شخص تجویز کرنے کے لیے خط

 
0
114

اسلام آباد 04 اپریل 2022 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 3 اپریل کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے پیش نظر آئین کے آرٹیکل 224 (1) اے کے تحت نگراں وزیر اعظم کی تقرری کے لیے موزوں شخص تجویز کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران احمد خان نیازی اور سبکدوش ہونے والی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔

پیر کوایوانِ صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خط میں دونوں راہنمائوں کو آگاہ کیا کہ اگر قومی اسمبلی کی تحلیل کے تین دن کے اندر وزیراعظم اور سبکدوش ہونے والی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کسی شخص کو نگران وزیراعظم بنانے پر متفق نہ ہوں تو دو، دو نام سپیکر قومی اسمبلی کی تشکیل کردہ کمیٹی کو بھیجنا ہوں گے جس کی تشکیل سپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر کریں گے،

سپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی کے کل آٹھ ممبران ہوں گے جو سبکدوش ہونے والی قومی اسمبلی یا سینیٹ یا دونوں کے ارکان پر مشتمل ہوں گے، کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کو یکساں نمائندگی حاصل ہوگی۔

خط کے مطابق آئین کے آرٹیکل224 (1) اےکے تحت کمیٹی کے ممبران کی نامزدگی وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کریں گے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ وزیراعظم عمران احمد خان نیازی آئین کے آرٹیکل 224 (4) اےکے تحت نگراں وزیراعظم کی تقرری تک وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل224 (1) اے صدر مملکت کو وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے نگران وزیراعظم کی تقرری کا اختیار دیتا ہے