سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کریں گے: فواد چوہدری

 
0
105

اسلام آباد 08 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد عدلیہ اورپارلیمنٹ کی علیحدگی کامعاملہ متاثر ہوا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہاکہ پارلیمنٹ کی حاکمیت کا تصور ختم ہوگیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کریں گے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی 3 اپریل کی کارروائی پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا جس کی پانچ روز تک سماعت جاری رہی اور 7 اپریل کو سپریم کورٹ نے 3 اپریل کے ڈپٹی اسپیکر اور صدر اور وزیراعظم کے تمام احکامات کالعدم قرار دے کر اسمبلی بحال کردی اور 9 اپریل کو عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے اس اہم ترین کیس کی سماعت کی جس میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی شامل تھے۔