عمران خان جلسے سے خطاب کیلئے اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے

 
0
473

اسلام آباد 16 اپریل 2022 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے۔ شاہ محمود قریشی ، شہباز گل بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے چارٹرڈ طیارے نے کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمینل پر لینڈ کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے عمران خان کا ٹرمینل ون پر استقبال کیا۔

عمران خان کے کراچی ائیرپورٹ پر استقبال کیلئے تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت موجود تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو خصوصی انتظامات کے تحت گورنر ہاؤس کراچی لایا گیا۔سندھ رینجرز اور کراچی پولیس کی جانب سے بھی سابق وزیراعظم کے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس میں اجلاس کے بعد عمران خان جناح گراؤنڈ کے جلسے میں پہنچیں گے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے آج کراچی کے جناح گراؤنڈ میں پنڈال سجایا ہے جہاں عمران خان اپنے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔