آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شہریوں کے مسائل سنے۔

 
0
135

بیوہ خاتون کی بروقت داد رسی نہ کرنے پر ایس ایچ او آبپارہ اور ایس ایچ او رمنا کی سرزنش،درخواست نمٹانے کے لئے 24گھنٹے کا وقت دے دیا۔شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر اور فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے ۔ فرائض میں غفلت و لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کی افسران کو سخت ہدایات۔

اسلام آباد 19 اپریل 2022 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس کا روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ، منگل کے روز سنٹرل پولیس آفس میں شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں،بیوہ خاتون کی بروقت داد رسی نہ کرنے پر ایس ایچ او رمنا اور آبپارہ کی سرزنش۔درخواست نمٹانے کے لئے 24گھنٹے کی مہلت ، ورنہ سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد نے سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر اور فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے ، فرائض میں غفلت و لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

کسی بھی شہری کو پولیس کے متعلق کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو وہ کھلی کچہری میں آسکتا ہے ۔میرے دروازے ہمیشہ اپنے شہریوں کے لئے کھلے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی شکایات پرمتعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ ٹائم فریم میں درخواستوں کو میرٹ پر حل کر کے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں،آئی جی اسلام آباد نے تمام ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے دفاتر میں مقررہ کئے گئے ٹائم کی پابندی کریں اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھا جائے اور انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، اس موقع پرآئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی سہولیات کے لئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے، کھلی کچہری کے روزانہ کی بنیاد پر انعقاد سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے میں مدد مل رہی ہے، آئی جی اسلام آباد نے تمام زونل افسران اور ایس ایچ اوز کوہدایت کی کہ و ہ اپنے دفاتر میں مقرر کردہ ٹائم پر شہریوں سے ملاقات کریں اور ان کے مسائل کو بروقت اور میرٹ پر حل کریں۔