عمران خان آج رات 10بجے ٹوئٹر اسپیس پر عوام سے خطاب کرینگے

 
0
234

اسلام آباد 20 اپریل 2022 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم عمران خان آج بروز بدھ 20 اپریل کو تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خطاب کریں گے۔

عمران خان کا خطاب تمام سوشل میڈیا پر براہ راست نشر ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے مطابق سوشل میڈیا پر خطاب عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ یہ عمران خان کا ٹوئٹر اسپیس پر پہلا خطاب ہوگا۔

عمران خان بیک وقت آج رات 10 بجے ٹوئٹر اسپیس سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر عوام سے براہ راست گفتگو کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان کے ٹوئٹر اسپیس جوائن کرنے کے حوالے سے تصدیق کی اور بتایا کہ یہ آئیڈیا فواد چوہدری کا تھا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر اسپیس کی میزبانی سابق فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد اور سوشل میڈیا لیڈ جبران الیاس کریں گے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پشاور اور کراچی کے بڑے جلسوں کے بعد پی ٹی آئی کا اگلا پاور شو پنجاب کے دل لاہور میں کل رات 9 بجے ہوگا، جس سے عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنما خطاب کرینگے۔

قبل ازیں منگل کے روز عمران خان کی زیرِصدارت پی ٹی آئی کے اہم اجلاس میں سیاسی صورت حال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ خود دار جوان خود دار پاکستان مہم شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا خوددار پاکستان کی جنگ خوددار نوجوانوں کی مدد سے لڑیں گے۔