دعا زہرہ لاہور سے ملی ہے یا نہیں؟ معمہ بن گیا

 
0
613

لاہور 25 اپریل 2022 (ٹی این ایس): کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاہور سے مل گئی۔

دعا زہرہ کا لاہور سے ایک سامنے آیا ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کراچی سے لاہور آئی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کچھ دیر بعد دعا زہرہ ایک ویڈیو بیان میں ساری تفصیلات بتائے گی کہ وہ کس طرح کراچی سے لاہور پہنچی۔

لاہور پولیس نے دعا زہرہ کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے لاہور اور کراچی کی پولیس رابطے میں ہیں۔

لاہور پولیس نے کراچی پولیس کو لڑکی کی بازیابی کی اطلاع دی جبکہ کراچی پولیس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ لاہور سے ملنے والی لڑکی دعا زہرہ ہی ہے۔

دوسری جانب دعا زہرہ کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی بازیابی سے متعلق پولیس نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ دعا زہرہ نے لاہور میں نکاح کر لیا ہے، دعا نے جس لڑکے سے نکاح کیا ہے اس کا تعلق بھی لاہور سے ہی ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دعا زہرہ کا نکاح نامہ حاصل کر لیا گیا ہے، نکاح نامے کی تصدیق کرائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی دعا زہرہ کے لاہور سے ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پولیس لاپتہ ہونے والی تینوں بچیوں کے کیسز دیکھ رہی ہے۔

یاد رہے کہ 10 روز قبل کراچی کے علاقے گولڈن ٹاؤن سے 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے تھے تاہم پولیس اب تک دعا زہرہ کو تلاش کرنے میں ناکام رہی تھی۔