وضاحت ہوچکی ملک میں کسی بیرونی سازش کے ثبوت سامنے نہیں آئے: دفتر خارجہ

 
0
136

اسلام آباد 25 اپریل 2022 (ٹی این ایس): دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں وضاحت ہوچکی ہے کہ کسی بیرونی سازش کے ثبوت سامنے نہیں آئے، اب ہمیں پاکستان کے مفادات کی سفارتکاری پر توجہ دیتے ہوئے اس بحث سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ نریندر مودی کا مقبوضہ جموں کشمیر کا دورہ ایک دھوکا ہے، رتلے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، منصوبہ عالمی قوانین اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، ہندوستان منصوبے کی تعمیر سے باز رہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں ہندووتوا نظریات فروغ پا رہے ہیں، اقلیتوں کے خلاف ناروا رویہ روا رکھا جارہا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دہلی میں پاکستان ہائی کمشن نے 2200 سکھ یاتریوں کو بیساکھی میلے کے لیے ویزے جاری کیے، کرتارپور راہداری منصوبے پر بھارتی تنقید مسترد کرتے ہیں، بھارت اہم منصوبے پر پروپیگنڈے سے باز رہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان حالیہ برطانوی وزیراعظم کے دورہ بھارت کا جائزہ لے رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کو دیکھا جارہا ہے، کچھ معاہدوں پر پاکستان کو تشویش ہے.

‘اسد مجید سے انکوائری نہیں کی گئی’

بریفنگ کے دوران امریکی سازش اور مراسلے پر کئی سوالات کے جواب میں دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کمیٹی کے دونوں بیان ایک دوسرے سے ملتے ہیں، پریمئیر انٹیلی جنس ایجنسی نے کمیٹی کو بریفنگ دی، ایجنسی نے تصدیق کی کہ کسی بیرونی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسد مجید پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا، ایسی خبریں من گھڑت اور لغو ہیں، دفتر خارجہ نے قانون کے مطابق احتجاجی مراسلہ حوالے کیا، مراسلے کا بغور جائزہ لیا گیا، مراسلہ کئی روز تک دبانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹیلیگرام دفترخارجہ پہنچا اور قانون کے مطابق متعلقہ حکام کے حوالے کیاگیا، مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی میں زیر بحث لایا گیا اور پھر سفارتی جواب دیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو کوئی خطرہ نہیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے سے معاملے کی تفصیلی وضاحت ہوگئی۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں وضاحت ہوچکی ہے کہ کسی بیرونی سازش کے ثبوت سامنے نہیں آئے، ہمیں اب پاکستان کے مفادات کی سفارتکاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اب ہمیں اس بحث سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے.

انہوں نے کہا کہ اسد مجید نے خود کمیٹی کو بریفنگ دی، ان سے انکوائری نہیں کی گئی، اسد مجید اب بلجئیم میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے، اسد مجید نئی اسائنمنٹ پر برسلز پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں پھر تیزی آئی ہے، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروپ دہشت گردی میں ملوث ہیں۔

‘فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں’

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعد خارجہ پالیسی کی خدوخال پر روشنی ڈالی، نئے وزیراعظم نے اسلامی ممالک اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو منختب ہونے پر متعدد ممالک کے وزراء خارجہ نے مبارکباد دی، وزیراعظم اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ رواں ہفتے سعودی عرب جائیں گے، دورے کی مزید تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر نے پاکستان کا اہم دورہ کیا، اپنے دورکے دوران انہوں نے صدرمملکت، وزیراعظم اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، الہان عمر نے لائن آف کنٹرول کا دورہ بھی کیا۔

عاصم افتخار نے مزید بتایا کہ حنا ربانی کھر نے وزیر مملکت برائے خارجہ کا چارج سنبھال لیا ہے، وزیر مملکت کو متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے مبارکباد کے لیے فون کیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردی کی نئی لہر پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس ہے، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ فلسطین میں ماہ صیام میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے، او آئی سی کا وزراء خارجہ کا غیر معمولی اجلاس جدہ میں جاری ہے۔