سندھ حکومت ، سرکاری ملازمین سے جمعہ کو گھر سے کام لینے کی تجویز

 
0
131

اسلام آباد 15 جون 2022 (ٹی این ایس): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم کوئی نیا ٹیکس لگانے کے بجائے ریلیف دے رہے ہیں۔ ایک تجویز یہ بھی ہے کہ جمعہ کے روز سرکاری ملازمین سے گھر سے کام لیں۔ سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ بجٹ میں ریکارڈ ترقیاتی اسکیمیں رکھی گئی ہیں جب کہ کوئی نیا ٹیکس بھی نہیں لگایا۔ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے ٹیکس 13سے کم کر کے 3فیصد کر دیا۔گزشتہ روز سندھ اسمبلی اجلاس میں بجٹ پیش کرنے کے دوران اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایوان میں گزشتہ روز جو کچھ ہوا، وہ سب نے دیکھا۔ اپوزیشن نے حکومتی ارکان کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور گالم گلوچ بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ایوان میں شور شرابہ اور گالیاں دینے والے لوگ ملک بھر سے مسترد ہوگئے ہیں۔ افسوس ناک واقعہ ہوا کہ اپوزیشن کے لوگ میرے اور اسپیکر کے درمیان آ گئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے قائم مقام اسپیکر سے کہا تھاکہ وہ بجٹ تقریر سنیں گے ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کل سندھ اسمبلی میں جو کچھ ہوا، اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔