ہمارا مقصد اقتدار نہیں بلکہ صوبے اور عوام کے حقوق کاتحفظ،ترقی و خوشحالی ہے،سکندرشیرپاؤ

 
0
353

پشاور اگست 06.(ٹی این ایس )قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ ہمارا مقصد اقتدار نہیں بلکہ صوبے اور عوام کے حقوق کاتحفظ،ترقی و خوشحالی ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد کسی صورت رکنے والی نہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحصیل تنگی میں پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبے اور عوام کی نمائندہ ہے اور بعض عناصر سے اس کی مقبولیت ہضم نہیں ہورہی ہے تاہم اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ہمارا راستہ روکا نہیں جاسکتا ہمارا مشن عوامی کی خدمت اور صوبے کے حقوق کا حصول اور تحفظ ہے اور اس کاز کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اور پختونوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے اوران کو مشکلات سے نکالنے کیلئے جوش و جذبہ سے اپنا کردار ادا کرے گی انھوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ قومی وطن پارٹی کا راستہ سازشوں کے ذریعے روکا جائے گا تواس قسم کی سازشیں کھبی بھی کامیاب نہیں ہو گی کیونکہ پوری پختون قوم اور صوبے کے عوام قومی وطن پارٹی کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اورصوبہ خیبر پختونخوا اورپختون قوم کو بحرانوں سے نکالنے اور ترقی،خوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔انھوں نے تمام ترقی پسند،عوام دوست،جمہوری اور قوم پرست قوتوں سے اپیل کی کہ قومی وطن پارٹی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوکرخطے میں امن،استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔سکندر شیرپاؤ نے تحصیل شبقدر اور صوبہ کے دیگر حصوں میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ان کی فوری بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔انھوں نے سیلاب میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور فصلوں اور املاک کی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے انھوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی دادرسی کیلئے آگے بڑھے اور ان کی بھرپور مالی معاونت کیلئے اقدامات اٹھائے۔اس موقع پر کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے چیئرمین ارشد خان عمرزئی،ضلعی و حلقوں کے عہدیداران کے علاوہ پارٹی کے ضلعی و تحصیل ممبران بھی موجود تھے۔